ملتان،14 اپریل (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خان نے محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریبِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے نابینا طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ کہ معذوری حوصلوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔ یہ روشنی سے محروم چہرے اپنے خوابوں کی چمک سے جگمگا رہے ہیں، جو ہمارے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نابینا طلباء کی ذہانت، محنت اور استقامت ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ “یہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی دلیل ہیں، جن کی محنت نے آج کی تقریب کو بامقصد اور بامعنی بنا دیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس سے ملکر نابینا افراد کے روزگار کیلئے پلان مرتب کیا جائے گا۔
تقریب میں ہونہار بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو اور فنی مظاہروں سے شرکاء کے دل موہ لیے۔ حاضرین نے بچوں کی کارکردگی کی بھرپور داد دی۔ کمشنر نے بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض چیئرپرسن سعدیہ کرمانی نے انجام دیئے، جنہوں نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا۔