لاہور، 04 مئی (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تعلیم اور امن کے فروغ کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں تعلیم، ترقی اور امن کے لیے کام کرے۔ بھارت پاکستان کو غزہ سمجھنے کی غلطی نہ کرے، ہم اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ بھارت 1965، 1971 اور کارگل جیسے معرکوں میں ہمیں آزما چکا ہے۔ اب بھی ہم ہر محاذ پر تیار ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوبارہ مت آزمانا کیونکہ اس مرتبہ چائے نہیں صرف سبق ملے گا، اور وہ بھی ایسا کہ مودی کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ رانا سکندر حیات نے بھارتی وزیر اعظم کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک چائے چل رہی ہے، سمجھ لو ہم نرم ہیں، لیکن جب سبق شروع ہوا، تو اسے چائے کی خوشبو بھی بھول جائے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان 6 لاکھ نہیں بلکہ 25 لاکھ جوانوں کا ملک ہے۔ مودی یہ نہ سمجھے کہ ہمیں ڈرا یا دبا لے گا۔ ہم ڈٹ کر بھارت کے ہر اقدام کا جواب دیں گے۔











