تمام مسالک اپنے اختلافات کو بھلا کر بھارت کے خلاف پاک فوج کا ساتھ دیں،مولانا عبدالخبیرآزاد

37

ملتان، 04 مئی (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزادنے کہا ہے کہ تمام مسالک اپنے اختلافات کو بھلا کر بھارت کے خلاف پاک فوج کا ساتھ دیں۔پہلگام کا واقعہ بھارت کا اپنی عوام کے خلاف رچایاگیاجھوٹا ڈرامہ ہے کیونکہ یہ جھوٹے بھی ہیں مکار اور فریبی بھی۔انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ عوام اپنے سپہ سالار پاکستان کی قیادت میں ہندوستان کو منہ توڑ جواب دے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے چیئرمین امورعزاداری سورج میانی سید ظہور حسین شاہ شمسی کی رہائش گاہ پر اتحاد بین المسلمین و یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ نریندر مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہےاور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے مودی سرکارکا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ شیعہ سنی اپنے اختلافات کو بھلا کرپاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوجا ئیں۔ مولانا عبدالخبیر آزادنے فلسطین پر اسرائیل کے مظالم کے حوالے سے کہا کہ فلسطین کے لیے سب سے زیادہ مظاہرے، کانفرنسز اور اجتماع صرف پاکستان میں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ  ہمارے دل اہل غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ ایک چھوٹی سی آگ نے اسرائیل کو اپنی پوری لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کا اجلاس بھی کل طلب کرلیاگیاہے۔

ظہرانے میں صوبائی امن کمیٹی کے رکن اور اتحاد بین المسلمین کے رہنماء خاور حسنین بھٹہ،انجینئر سخاوت حسین،ملک مظہر حسین کھا کھی،مخدوم سید صفت رضا شاہ شمسی،مخدوم سید مشاہد عباس شمسی،محمد رضا جعفری،ملک معظم صدیقی،رجب علی صدیقی،منظور حسین بلوچ،سید باقر شاہ شمسی،مخدوم سید اسد علی شمسی،واجد رضا،سید حیدر شمسی،رضوان کمبوہ،ڈاکٹر سید ارشد علی شمسی سمیت شیعہ عمائدین اور لائسنسداران کی کثیر تعداد بھی موجودتھی۔