اسلام آباد ،06 مئی (اے پی پی ): وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ملک کی معروف آٹوموٹو کمپنیاں جن میں ہونڈا، ٹویوٹا، سوزوکی، کیا، ہیوندای، یوتونگ اور سازگار شامل تھیں، شریک ہوئیں۔
اجلاس میں ٹیرف ریٹس، آئندہ بجٹ، ریگولیٹری ڈیوٹیز اور طویل مدتی پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت مقامی مینوفیکچررز کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور آٹوموٹو سیکٹر کو فروغ دینا اس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ “وزیراعظم کا وژن برقی گاڑیوں کے لئے مراعات فراہم کرنا ہے اور آٹوموٹو سیکٹر کے فروغ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا وژن طویل مدتی پائیداری اور ترقی پر مبنی ہے اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت آٹوموٹو مینوفیکچررز کے تمام چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے ہر سطح پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے PAMA کو ہدایت دی کہ وہ وزارتِ صنعت و پیداوار کے ساتھ مل کر ایک جامع پروپوزل تیار کریں تاکہ حکومتی پالیسیوں کو مزید موثر بنایا جا سکے۔











