“تھیلیسیمیا سے آگاہی کا عالمی دن” کی مناسبت سے  چلڈرن ہسپتال ملتان میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام

14

ملتان ، 08 مئی (اے پی پی): چلڈرن ہسپتال ملتان میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی کی متحرک قیادت میں “تھیلیسیمیا سے آگاہی کا عالمی دن” بھرپور جذبے اور سنجیدگی کے ساتھ منایا گیا۔

یہ دن دنیا بھر میں تھیلیسیمیا جیسے موروثی خون کی بیماری کے بارے میں شعور بیدار کرنے، اس کی بروقت تشخیص، روک تھام، اور مریضوں کی مدد کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں تھیلیسیمیا سے آگاہی کے حوالے سے پروگرام، تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں گفٹس بانٹنا، اور کیک کاٹنے کی تقریب شامل ہیں۔

اس موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی اور ایم ایس ڈاکٹر کامران آصف کے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹر وقاص عمران، پروفیسرسہیل ارشد، ڈاکٹر رانا ذوالفقار، ڈاکٹر کامران عادل، ڈاکٹر ہاشم اور ڈاکٹر عظیم سبحانی سمیت بڑی تعداد میں ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

آگاہی تقریب کا مقصد عوام الناس کو تھیلیسیمیا کی پیچیدگیوں، اس کے بچاؤ، اور خون کے عطیات کی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا جس میں پروفیسر رانا ذوالفقار، سربراہ شعبہ کینسر و تھیلیسیمیا سنٹر نے تمام شرکاء کو اس بیماری سے متعلق آگاہ کیا۔

اس موقع پر  ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے تھیلیسیمیا سے متاثر بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔