مظفرآباد،8مئی )اے پی پی): صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور دیگر وفود سے ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقاتیں کیں اور موجودہ جنگی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلی ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد جموں کشمیر نے کہا کہ مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے اور وہ سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی کو اُس کے مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
پاک بھارت کشیدگی کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور یہ مسئلہ جب تک کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا تب تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیرکی حساسیت کو سمجھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے بڑھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ جنگی صورتحال میں آزاد کشمیرکے عوام اور تمام سیاسی قیادت متحد ہے اور ہم سب اکٹھے ہو کر اپنی بہادر ا فواج کے ہمراہ بھارت کے جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دیں گے۔