اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے کا جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ، تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ

29

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، منصوبے کی پیش رفت اور تکمیلی مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر منصوبے کو رواں ماہ کے اندر مکمل کرنے کے لیے کام دن رات جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا مجموعی طور پر 75 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ سلِپ سڑکوں کا کام تکمیلی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے اور 24/7 تعمیراتی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے معیار پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کنسلٹنٹس، ریزیڈنٹ انجینئرز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کو بھی ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے مسافروں کے وقت اور ایندھن کی بچت ممکن ہو گی اور نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مری و کشمیر تک سگنل فری سفر کی سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبہ اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے شہر کی مجموعی ٹریفک مینجمنٹ اور انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔