اسلام آباد،16 مئی (اے پی پی): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام آج بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی عظیم کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور، تمام ڈائریکٹر جنرلز، بی آئی ایس پی کے افسران، عملے اور مستحق خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کی تاریخی فتح کا جشن منا رہے ہیں۔ ہماری فوج نے دشمن کو نہ صرف مؤثر جواب دیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جرات مندانہ قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں۔‘‘انہوں نے بی آئی ایس پی ٹیم کی عزم و ہمت کو سراہا جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں اپنا مشن جاری رکھا اور معاشرے کے محروم طبقوں کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔
اس موقع پر انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ملک میں جوہری پروگرام کے آغاز اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو میزائل ٹیکنالو جی متعارف کرانے بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے قائدِ عوام شہید بھٹو کے تاریخی الفاظ تذکرہ کیا کہ ہم ہزار سال لڑیں گے، لیکن ہندوستان کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ آج بھی ہماری قومی رہنمائی کر رہا ہے۔
چیئرپرسن نے اس موقع پر بی آئی ایس پی مستحقین کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ بینطیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے جو مستحق افراد کی بااختیاری اور معاشی شمولیت کی طرف ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی بڑی مانگ ہے۔ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ وہ پاکستان کے اندر یا بیرون ملک بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔
سیکرٹری عامر علی احمد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور اپنی بہادر افواج پر فخر کرتے ہیں۔ جس طرح ہماری فوج مادرِ وطن کی سرحدوں کی محافظ ہے، اسی طرح بی آئی ایس پی غربت کے خلاف صفِ اول میں ہے۔ ہم سب اس مشن کی کامیابی کے لیے متحد ہیں۔
تقریب میں بچوں نے دلکش ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جو وطن سے محبت اور پاک فوج کو خراجِ عقیدت کا خوبصورت اظہار تھے۔ یہ دن حب الوطنی، قومی فخر، اور ایک خوشحال پاکستان کے نئے عزم کے ساتھ منایا گیا۔











