لاہور، 16مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے وٹرنری ہسپتال خانیوال میں الٹرا ساؤنڈ مشین کا افتتاح کردیا۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ مویشی پال کسانوں کی بہتر خدمات کیلئے جدید ٹیکنالوجی اولین ترجیح ہے۔ وٹرنری ہسپتالوں میں الٹرا ساؤنڈ مشینوں سے مویشیوں میں بیماریوں کی تشخیص ممکن ہوگی ۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دودھ و گوشت میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر سے وزیر اعلی پنجاب کے انیشیٹیوز کی رقوم کی واپسی حوصلہ افزاء ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی لائیو سٹاک کو پروموٹ کرایا جائیگا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کسانوں کو بہتر گوشت و دودھ کیلئے اعلی نسل کے سیمنز سستے داموں فراہم کررہے ہیں۔
محکمہ لائیو سٹاک کو پیپر لیس سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے۔ایک ہزار بے روزگار نوجوانوں کو انٹرن شپ دے رہے ہیں۔ثاقب علی عطیل نے کہا کہ جانوروں کے علاج معالجہ کیلئے لائیو سٹاک کی ٹیموں کی نقل و حرکت کو مانیٹر کررہے ہیں۔











