چین کا دورہ وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا، دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ملاقاتیں  ہوئیں:  نائب وزیراعظم /وزیر خارجہ اسحاق ڈار

15

اسلام آباد، 22 مئی (اے پی پی): نائب وزیراعظم /وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ دورہ چین سے متعلق اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر کیا گیا جہاں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ 23 اپریل سے 10 مئی تک وہ تقریباً 60 ممالک کے ساتھ رابطے میں رہے، اس دوران پاکستان نے ہمسایہ ممالک کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا اور عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا۔

بھارت کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اگر ہم حملہ کریں گے تو پہلے بتا کر کریں گے، ہم ان کی طرح بزدل نہیں ہیں۔

کشمیر کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا اگلا سیشن اسلام آباد میں منعقد ہوگا اور چینی وزیر خارجہ کو اس ضمن میں دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ دورہ چین کے دوران منگل کو چینی حکام سے کئی اہم ملاقاتیں ہوئیں جبکہ بدھ کے روز پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں افغان مہاجرین، علاقائی صورتحال اور باہمی تجارت سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔