کیریک انسٹیٹیوٹ کی کانفرنس میں 11 ممالک کی شرکت، ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا

22

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی): سرگودھا یونیورسٹی کے کالج آف ایگریکلچر کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جی نیٹکس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے کہا ہے کہ کیریک انسٹیٹیوٹ کی جانب سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے اشتراک سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ایک اعزاز ہے، جس میں دنیا کے 11 اہم ممالک کو تجارت، توانائی اور انفراسٹرکچر کے موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ خوشی کا باعث ہے کہ بین الاقوامی ادارے کیریک انسٹیٹیوٹ نے سرگودھا یونیورسٹی کے ساتھ مل کر اس اہم کانفرنس کو ممکن بنایا۔ اس کانفرنس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پاکستان سنگل ونڈو سمیت دیگر شراکت دار ادارے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد طلبہ، اساتذہ، محققین اور پالیسی سازوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کس طرح سے عالمی ترقی کی دوڑ میں تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ایونٹ نہیں بلکہ ترقی کے لیے ایک حکمت عملی کا آغاز ہے، جس سے نوجوان نسل کو سیکھنے اور دنیا کی کامیاب کہانیوں کو اپنے مقامی تناظر میں اپنانے کا موقع ملے گا۔

ڈاکٹر نورکا نے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات جیسے اکنامکس، بزنس ایڈمنسٹریشن، زراعت، انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر کے شعبے فعال طور پر کانفرنس میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے کامیاب تجربات سے سیکھ کر اپنی ترقی کی راہیں ہموار کریں اور یونیورسٹی ایک ریسرچ اور پالیسی حب کے طور پر ابھرے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی بین الاقوامی کاوشیں پاکستان کے تعلیمی و تحقیقی منظرنامے کو عالمی معیار کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔