وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان سے خواتین چیمبر آف کامرس راولپنڈی کی ملاقات

12

اسلام آباد، 30مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان سے خواتین چیمبر آف کامرس راولپنڈی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں چیمبر کی جگہ، خواتین کے لیے ایکسپو ہب، خواتین کی بااختیاری اور ہنر مندی کی ترقی پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان  کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیاں ہمیشہ خواتین کی بااختیاری کو ترجیح دیتی ہیں، پاکستان کی معیشت خواتین کی بااختیاری کے بغیر پرواز نہیں کر سکتی، سمیڈا، ٹسڈیک اور پی آئی ٹی اے سی خواتین کی ہنر مندی کے لیے خصوصی ادارے ہیں،ان کا کہنا تھا جہ ہنر مندی کی ترقی کے لیے وزارتِ صنعت و پیداوار مہارتوں کو اپ گریڈ کرنے اور نئی مہارتیں سکھانے میں معاون ہوگی۔

خواتین چیمبر نے آزاد جموں و کشمیر میں خواتین کے لیے مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا،جسے معاونِ خصوصی نے سراہا اور اس کے لیے وزارت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

ہارون اختر خان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ خواتین چیمبر آف کامرس کے ساتھ فوری طور پر اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے سلسلے میں ملاقاتیں کریں اور عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے خواتین چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہونے والی اسکل ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کی پیش رفت پر باقاعدہ رپورٹ دی جائے۔