لاہور، 30 مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے ملاقات کی، تعلیم، تجارت، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان برادر اسلامی ممالک جن میں تاریخ، مذہب ثقافت سمیت کئی قدریں مشترک ہیں پاکستانی عوام بنگلہ دیشی بہن بھائیوں سے محبت کرتے ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کےدرمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امید ہے بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں نئی تاریخ رقم ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ کے کامیاب آپریشن ہو رہے ہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلبا پاکستان میں میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کا سکالرشپ پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے طلبا کے لیے بنگلہ دیش اور پاکستان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے کا اقدام خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت بھی بنگلہ دیشی طلبا کو سکالر شپس دینے پر غور کر سکتی ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مختلف شعبوں میں امپورٹ ایکسپورٹ بڑھا کر تجارتی تعلقات کو نئی وسعتوں تک لے جا سکتے ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ بنگلہ دیش پاکستان سے کوئلہ، فشنگ کے شعبے میں ایکسپورٹ کے مواقع ڈھونڈ سکتا ہے۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سپورٹس اور ثقافت کے شعبے میں تعلقات کو وسعت دینے کے وسیع امکانات ہیں۔ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











