ملتان، 30 مئی (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت “ونڈہ کراؤ، سکھ پاؤ” سکیم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اراضی کے منصفانہ تقسیم اور وراثتی تنازعات کے حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر عامر کریم خان نے بتایا کہ ونڈہ سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر جامع بریفنگ لی گئی ہے، اور اراضی تنازعات کے حل کیلئے مکمل جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ونڈہ کروانے سے تمام حق داروں کو ان کی زمین میں حصہ مل رہا ہے، جس سے وراثتی ناانصافیوں کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔
عامر کریم خان نے کہا کہ خواتین، خصوصاً بیٹیوں اور بہنوں کو زمین میں ان کا جائز حق دینا اب آسان ہو گیا ہے، جو ایک اہم سماجی تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ونڈہ کراؤ، سکھ پاؤ” سکیم سے نسل در نسل چلنے والے زمین کے جھگڑوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا آن لائن منتقل ہو چکی ہے، اور اب زمین سے متعلقہ تمام امور کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں کل 49,739 کھیوٹ ہیں، جبکہ فروری سے اپریل تک 9,237 انتقالات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔











