لاہور ، 30مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ خواجہ عمران نذیر نے کوالٹی کنٹرول پالیسیوں کے موثر نفاذ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ادویات ساز فیکٹریوں میں کوالٹی کنٹرول کے قوانین کا عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ہربل ادویات سازی کی صنعت کے لئے ڈریپ کے ساتھ مل کر قانون سازی پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہربل ادویات سازی کی فیکٹریوں کے معائنےکے وقت پالیسیز اور قانون کی عملداری اور قواعد و ضوابط کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ لائسنس اور یونٹ انلسٹمنٹ کے بغیر کام کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، انھوں نے ہدایت دی کہ ڈرگ انسپکٹر لائسنس کے بغیر آپریشنل فیکٹریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں اور کارروائیوں کی رپورٹ ڈریپ کے ساتھ شیئر کی جائے، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پالیسی سازی کرتے وقت مریضوں کی بہبود کا بھی خیال رکھا جائے، انھوں نے کہا کہ انلسٹمنٹ کی درخواستوں پر فوری فیصلہ ہونا چاہیے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں میں بلا معاوضہ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے۔











