لاہور، یکم جون (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلز کے لیگی کارکنان اور رہائشیوں سے ملاقات کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل براہِ راست سنے گئے اور متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے گئے۔
بلال یاسین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے جن سے حلقے میں ترقی کا نیا باب رقم ہوگا۔وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کو ایک بار پھر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اندرون لاہور کی سڑکوں اور بازاروں کو ماڈل سڑکوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
بلال یاسین نے بتایا کہ متعدد یونین کونسلز میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے نئے فلٹریشن پلانٹس بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت اور فلاح کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومتی وسائل کو بھرپور انداز میں عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔