عیدالاضحی کے دوسرے روز لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ، تفریحی مقامات پر سخت نگرانی

7

لاہور، 8 جون (اے پی پی): عید الاضحی کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی تاکہ شہری پرامن طریقے سے تہوار کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ “تفریحی مقامات پر سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، فیملیز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔”انہوں نے ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت پالیسی اپناتے ہوئے واضح کیا کہ: “ان حرکات پر زیرو ٹالرنس ہوگا، اور قانون شکنی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔”سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تفریحی مقامات کے اطراف مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں موثر گشت جاری رکھیں۔ٹریفک پولیس اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائے۔انہوں نے پولیس فورس کو ہدایت دی کہ وہ مکمل الرٹ رہ کر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں جبکہ سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا: “لاہور پولیس کے محافظ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔”