لاہور، 8 جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس کمیونیکیشن افسران اور سٹاف سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔دورے کے دوران آئی جی پنجاب کو عید کے موقع پر سیکیورٹی اور صفائی سمیت دیگر انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سیف سٹی اتھارٹی کی ڈیجیٹل وال کے ذریعے لاہور شہر میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور صفائی آپریشنز کا براہ راست جائزہ لیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کی نشاندہی پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے اہلکار آلائشوں اور قربانی کے باقیات کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے میں مصروف ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “سیف سٹیز اتھارٹی کی موثر نگرانی سے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ‘صاف ستھرا پنجاب’ کا خواب حقیقت بن رہا ہے”۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی نہ صرف جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے بلکہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بھی شاندار سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے دائرہ کار کو صوبے کی تمام تحصیلوں تک توسیع دی جائے گی تاکہ شہریوں کو جدید سیکیورٹی سہولیات ہر سطح پر میسر آئیں”











