اسلام آباد میں عیدالاضحی پر آلائشوں کی بروقت صفائی، شہریوں کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو خراج تحسین

20

اسلام آباد 9 جون ( اے پی پی ):عیدالاضحی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایت پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے صفائی کا بھرپور اور کامیاب آپریشن جاری ہے۔

سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز 1362.386 ٹن اور دوسرے روز 502.106 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر دو دنوں میں 1864.474 ٹن آلائشوں کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔

اسلام آباد میں عید کے پہلے روز 81 ہزار اور دوسرے روز 30 ہزار سے زائد جانور قربان کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے روز 47 ہزار چھوٹے اور 33 ہزار سے زائد بڑے جانور جبکہ دوسرے روز 17 ہزار چھوٹے اور 12 ہزار بڑے جانور ذبح کیے گئے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شہر کے تمام سیکٹوریل و نان سیکٹوریل علاقوں میں صفائی آپریشن جاری ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں متعلقہ یونین کونسلز کے ذریعے صفائی کا عمل تیسری روز بھی جاری ہے۔عید کے دوران 2500 سے زائد خاکروب، افسران اور عملہ صفائی کے کاموں میں مصروف رہا جبکہ 250 سے زائد گاڑیاں اور بھاری مشینری بھی اس آپریشن میں شامل رہی۔ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے 55 مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے جہاں بائیو ڈیگریڈایبل بیگز میں آلائشیں رکھ کر تلف کی گئیں۔

اسلام آباد سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے سکیورٹی اور ٹریفک صورتحال کی مؤثر نگرانی کی گئی۔ پہلی بار صفائی کے عمل میں ڈرون کیمروں، عرقِ گلاب، فنائل اور چونے کا اسپرے بھی کیا گیا، جسے شہریوں نے سراہا۔شہریوں کی سہولت کیلئے سینی ٹیشن ہیلپ لائن 1334 اور دیگر نمبرز بھی فعال رکھے گئے، جن پر شہری صفائی سے متعلق شکایات اور معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا ہے کہ چیئرمین کی ہدایت کے مطابق تمام شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔