وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بڑا اقدام پنجاب بھر میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ

9

لاہور، 09 جون (اے پی پی) : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے بھر کے نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں واضح طور پر ہدایت کی گئی کہ چھوٹے بڑے تمام ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی باقاعدہ رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹیکس بڑھانے سے متعلق تمام تجاویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا، “ٹیکس نہیں، ٹیکس نیٹ ورک بڑھائیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ عوام پر بلاوجہ مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ، “رجسٹریشن کرانے والے کو سزا اور ٹیکس چور کو آزادی، یہ نہیں چلے گا۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عام آدمی پر مزید مالی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔مریم نواز شریف نے مثال دیتے ہوئے کہا: “دو لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دیتا ہے اور کروڑوں کمانے والا نہیں دیتا، یہ نظام تبدیل ہوگا۔”انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرلز، اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو بڑھانے کے لیے نئے مواقع تلاش کریں تاکہ ٹیکس بیس وسیع ہو مگر عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔یہ فیصلہ صوبے میں ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے، شفافیت لانے اور مالی ڈسپلن بہتر بنانے کی جانب اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔