ملتان ، 11جون(اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اوور لوڈنگ کی مرتکب مسافر بسوں اور ویگنوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ۔اس سلسلے میں ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ناکہ بندیوں کا ٹاسک دے دیا۔یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔سی ٹی او سردار موارہن خان،ایس ایس پی آپریشنز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر بھی اجلاس میں شریک تھے ۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحٰی کے بعد اوور لوڈنگ کی شکایات پر سخت نوٹس لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے گھروں کو جانے والے مسافروں کی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام جگہوں پر ٹیمیں خصوصی چیکنگ کرینگی۔علاوہ ازیں ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ اوور چارجنگ پر بھی سخت ایکشن لینگی۔سی ٹی او سردار موارہن خان نے اس موقع پر اپیل کی کہ مسافر حضرات بسوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ حادثات کی بڑی وجہ اوور لوڈنگ اور خطرناک ڈرائیونگ ہے۔اس حوالے سے سخت ایکشن لیا جائے گا۔