لاہور، 14 جون(اے پی پی): : انسانی جان کی حفاظت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں واسا کی سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران حفاظتی آلات کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت واسا لاہور کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران مین ہولز اور ٹرنک سیوریج کی صفائی کے لیے استعمال کی جانے والی کٹس اور آلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی جی واسا نے کہا کہ زہریلی گیسیں خارج ہونے کی صورت میں سینٹری ورکرز کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے واسا کے تمام سینٹری ورکرز کو دورانِ صفائی ایس او پیز کی سختی سے پیروی کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی ایس او پیز کی تفصیل بھجوائی جائے گی۔بلال یاسین نے مزید کہا کہ تمام واسا ادارے مرحلہ وار لیبر کی تربیت اور مانیٹرنگ کا طریقہ اپنائیں گے۔صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کوئی چیز انسان کی جان کا نعمت بدل نہیں ہو سکتی، احتیاط لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی تمام فیکٹریوں کو بھی حفاظتی آلات کا استعمال لازماً اپنانا ہوگا۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں ہنگامی و عمومی حالات کی صورت میں حفاظتی آلات کے بغیر کام کی اجازت نہیں دی جائے گی اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔اجلاس کے دوران وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز، سیکرٹری لیبر نعیم غوث، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم سی ایل کے افسران نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ ایم ڈی واسا لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی کو جوائن کیا۔