لاہور، 28 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اور غیرمعمولی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما و مشائخ، امن کمیٹی کے ارکان، مذہبی قائدین، کابینہ کے وزرا، محکمہ داخلہ، پولیس، اسپیشل برانچ، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ شرکاء میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی آغا حسین قزلباش، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی، علامہ طاہر اشرفی، علامہ علی حسین اکبر، پیر عثمان نوری، علامہ زبیر احمد ظہیر، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین، وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور دیگر شامل تھے۔ علما کرام نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فتنہ و فساد، اور فرقہ واریت کے خلاف حکومت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔ علما نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے پنجاب حکومت کے سیکیورٹی، صفائی، صحت، پانی، لنگر اور دیگر انتظامات کو قابلِ تقلید قرار دیا اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سبیلیں لگانے کے اقدام کو سراہا۔ علما نے “پیغامِ پاکستان” کے فروغ، سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کے خاتمے، اور نوجوان نسل کو اعتدال پسند دینی بیانیہ دینے پر زور دیا۔ تمام مکاتبِ فکر کے علما نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور اتحاد، اخوت اور امن کے فروغ کا پختہ عزم دہرایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر مذہبی نفرت، فیک نیوز، اور اشتعال انگیزی کی روک تھام کے لیے ہر ضلع میں ترجمان مقرر کرنے، سائبر پیٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس تعینات کرنے اور فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے فیصلے پر بھی مشاورت کی گئی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے 50 مزارات کی تعمیر و آرائش کے لیے تین ارب روپے مختص کیے گئے، جسے علما نے خوش آئند قرار دیا۔ ٹی وی چینلز اور منابر پر اعتدال اور برداشت کے بیانیے کو عام کرنے پر زور دیا گیا، تاکہ نوجوان نسل میں ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔ اجلاس میں پوسٹ محرم انتظامات، جلوس گزرنے والے راستوں کی صفائی، ٹریفک بحالی اور سیکیورٹی پر بھی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حالیہ علاقائی حالات کے تناظر میں دشمن عناصر سے ہوشیار رہنے اور عوام و علما سے یکجہتی، برداشت اور بیداری کی اپیل کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خودمختاری، اور محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے تمام مشائخ کرام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے، حکومت سے تعاون پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور پوری قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔