ملتان 2 جولائی) اے پی پی) : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر لیبر و سپورٹس فیصل ایوب کھوکھر نے امام بارگاہ شاہ شمس کا دورہ کیااور درگاہ حضرت شاہ شمس پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا بھی کی ۔اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور لائسنس داران ، منتظمین سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل دریافت کیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جذبۂ خدمت کے تحت عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے انتظامیہ خود ان کی دہلیز پر جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کی صورت میں فوری نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری ہر وقت تیار رکھی جائے۔
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے ڈی سی ملتان آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جلوسوں کی آن لائن کیمروں سے مانیٹرنگ کی۔
آر پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے بتایا کہ محرم کے موقع پر سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں تاکہ امن و امان ہر حال میں برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، سی پی او صادق علی ڈوگر، ایم پی اے سلمان نعیم سمیت ڈویژن کے تمام ضلعی افسران بھی موجود تھے۔