صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اہم اجلاس

45

لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا  کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ گریڈ 8 کے بورڈ امتحانات دوبارہ پیکٹا کے تحت لیے جائیں گے اور اس سلسلے میں اگلے 30 دن کے اندر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ “آٹھویں کلاس کیلئے بورڈ امتحانات کا سلسلہ بحال کر رہا ہوں تاکہ تعلیمی معیار اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔” اجلاس میں گریڈ 5 سے 7 تک جماعتوں کے لیے انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کا نظام وضع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ “پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے امتحانات کو بطور اسسمنٹ ٹیسٹ لیا جائے تاکہ طلبا اور اساتذہ کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔” اس ضمن میں ایک ماہ کے اندر طریقہ کار تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔ وزیر تعلیم نے زور دیا کہ ان اسسمنٹ ٹیسٹس کے لیے شفاف اور موثر نظام رائج کیا جائے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔ علاوہ ازیں، اجلاس میں میٹرک ٹیکنالوجی تعلیم سے متعلق متعدد امور پر بھی غور کیا گیا۔ نہم اور گیارہویں جماعت کی ٹیکنیکل تعلیم کی کتب کو ویڈیو فارمیٹ میں ڈھالنے کی تجویز زیرِ غور آئی، جبکہ آن لائن ٹیک ایجوکیشن کی ویڈیوز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اکیڈمک کمیٹی کو کام سونپا گیا۔ وزیر تعلیم نے میٹرک ٹیک کے اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے ٹرینرز کے انتخاب میں سابقہ کارکردگی اور نتائج کو مدنظر رکھنے کی ہدایت دی۔ کتب کی بروقت طباعت و ترسیل کے حوالے سے بھی وزیر تعلیم نے اہم بیان دیا کہ “آئندہ سال کے لیے کتب کی چھپائی اور ترسیل کا عمل ابھی سے شروع کیا جائے، تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔” اجلاس کے دوران مڈل کلاسز میں طلبا کے ڈراپ آؤٹ کو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا، تاکہ پنجاب میں تعلیم کا معیار اور رسائی بہتر بنائی جا سکے۔