محکمہ معدنیات کے 40 ہزار مزدوروں کو “مریم نواز راشن کارڈ” فراہم کیے جا رہے ہیں، راشن کارڈ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کا عملی مظہر ہیں، مستقبل میں اس راشن امداد کی رقم میں مزید اضافہ کیا جائے گا: وزیر معدنیات شیر علی گورچانی

15

لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور انقلابی اقدام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ معدنیات کے 40 ہزار مزدوروں کو “مریم نواز راشن کارڈ” فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت مستحق مزدور ہر ماہ 3 ہزار روپے تک کا راشن حاصل کر سکیں گے۔ پیسک ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیر معدنیات شیر علی گورچانی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ راشن کارڈ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کا عملی مظہر ہیں، جو معاشرتی انصاف اور محنت کش طبقے کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ مستقبل میں اس راشن امداد کی رقم میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “پنجاب کی ترقی اب صرف سڑکوں، پلوں اور عمارتوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ مزدور کی زندگی میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ جن مزدوروں کو آج راشن کارڈ دیے گئے، ان میں سے بڑی تعداد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ “وزیراعلیٰ مریم نواز تمام مزدوروں کو برابر کا درجہ دیتی ہیں، چاہے وہ کسی بھی صوبے سے تعلق رکھتے ہوں،” شیر علی گورچانی نے واضح کیا کہ مائنز ورکرز کے لیے 1.5 ارب روپے کا فلاحی پیکج اس سال متعارف کروایا گیا۔ ماضی میں جو فنڈ 70 کروڑ روپے تھا، وہ اب 3 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ محکمہ معدنیات نے ای-آکش کے ذریعے 30 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ مائنز ورکرز کے بچوں کو مفت لیپ ٹاپس، ای بائیکس اور اسکالرشپس دی جائیں گی۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ٹیکنیکل کالجز قائم کیے جائیں گے تاکہ مائنز ورکرز کو فنی تربیت مل سکے۔ سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال بٹ نے کہا کہ مائنز ورکرز کی فلاح کے لیے خرچ ہونے والا ہر پیسہ قوم کی امانت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کے حقوق کی فراہمی میں شفافیت اور میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر معدنیات نے محکمہ کے افسران کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کا محکمہ معدنیات دیگر صوبوں کے لیے ماڈل ڈیپارٹمنٹ بن چکا ہے۔