لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر سے ایکسیئنز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، ایڈیشنل سیکرٹری روڈز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے روڈ سیکٹر سے متعلق اہم ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ جن منصوبوں پر خصوصی طور پر بریفنگ دی گئی ان میں قائداعظم انٹرچینج تا واہگہ شاہراہ، فیصل آباد چنیوٹ روڈ، ملتان وہاڑی شاہراہ، چن دا قلعہ روڈ سمیت دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ نو ڈویژنوں میں جاری سڑکوں کی بحالی، “پنجاب خوشحال روڈ” اور “روڈ بحالی” پروگرامز پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے مون سون موسم کے پیش نظر تمام شاہراہوں کا سروے کرنے اور ان پر پڑنے والے گڑھوں اور خراب شولڈرز کو فوری مرمت کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام اضلاع میں سی اینڈ ڈبلیو کے بیلدار نکاسی آب کو یقینی بنائیں اور سڑکوں پر متحرک نظر آئیں۔ وزیر تعمیرات و مواصلات نے ایکسیئنز کو ہدایت کی کہ وہ خود سڑکوں کا معائنہ کریں اور پبلک عمارتوں، بالخصوص ہسپتالوں کا فوری جائزہ لیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بلڈنگ سیکٹر کے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود تمام اہم پوائنٹس کا معائنہ کریں اور جہاں کہیں مرمت کی ضرورت ہو، وہاں فوری کارروائی کی جائے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کروائی جائے تاکہ صورتحال پر بروقت قابو پایا جا سکے اور عوام کو دشواری سے بچایا جا سکے۔











