پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ، بلال اکبر خان کی زیر صدارت سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس

86

لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر خان کی زیر صدارت پہلی ای ٹیکسی سروس کے آغاز سے متعلق سٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ، پیکا، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای ٹیکسی منصوبے کی موجودہ پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مختلف الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر پر بھی گفتگو کی گئی۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ منصوبے کو مزید بہتر اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر ای ٹیکسی سکیم کے تحت فراہم کی جائیں گی، جو نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گی بلکہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات بھی فراہم کریں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ای ٹیکسی سکیم کیلئے بہت آسان شرائط رکھی جا رہی ہیں اور منصوبہ آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ اشتہار کے ذریعے عوام کے سامنے پیش کر دیا۔