‎اسلام آباد : مصر کے یومِ انقلاب کی تقریب، مصر-پاکستان تعلقات کی اہمیت پر زور  دیا گیا

18

‎اسلام آباد، 16 جولائی (اے پی پی): انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد  کے مرکز برائے افغانستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ  نے وزارتِ خارجہ اور پاکستان افریقہ انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ  کے تعاون سے مصر کے “یومِ انقلاب” کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

‎تقریب کا آغاز پاکستان اور مصر کے قومی ترانوں سے ہوا۔ ‎تقریب میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں ڈی جی آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود، پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن، مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت اور آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود شامل تھے۔

‎تقریب کے مہمانِ خصوصی   سینیٹر مشاہد حسین سید تھے، جبکہ کلیدی خطاب وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) سفیر حمید اصغر خان نے کیا۔

‎سینیٹر مشاہد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افریقہ اب پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت حاصل کر چکا ہے، اور مصر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے مصر کو ایک منفرد تہذیبی ریاست قرار دیا جو پانچ ہزار سالہ تاریخ رکھتی ہے اور عرب دنیا میں سیاسی، ثقافتی اور فکری لحاظ سے ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔

‎سفیر سہیل محمود نے اپنے خطاب میں 1952 کے انقلاب کو مصر کی خودمختاری، وقار اور سماجی انصاف کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور مصر کے مابین دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا جو باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

‎سفیر حمید اصغر خان نے مصر کی عظیم تاریخی ورثہ، اسلامی تہذیب میں جامعہ الازہر کے کردار اور سیاحت کے شعبے میں ترقی کو سراہا۔ انہوں نے افریقہ میں سرمایہ کاری کے امکانات اور نوجوانوں کو مواقع دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 ڈائریکٹر آمنہ خان نے مصر کے یومِ انقلاب کو خودمختاری اور علاقائی قیادت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ دن پاکستان کی “انگیج افریقہ” پالیسی میں بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

‎مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے   پاکستان اور مصر کے مابین سفارتی، دفاعی اور تعلیمی میدان میں مضبوط تعاون کو سراہا اور الازہر یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا ذکر کیا۔ انہوں نے  لائبریری کے لیے مصر سے مختلف موضوعات پر کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

‎مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے 1952 کے انقلاب کو مصر کی جدید تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی ہم آہنگی پر مبنی دیرینہ تعلقات کو سراہا۔

‎سفیر خالد محمود نے  کہا کہ پاکستان اور مصر کے تعلقات تاریخی اور گہرے ہیں،   اور  ان روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔