ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم  کی تاخیر کا شکار اسکیموں کی فوری تکمیل کی ہدایت

14

اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو لازم قرار دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام مکمل اور تکمیل کے قریب منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تاخیر کا شکار اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام منصوبوں میں عوامی سہولت کو مرکزی حیثیت دی جائے اور صاف پانی، بجلی، مواصلات اور تعلیم جیسے شعبوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور تمام صوبوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے دانش اسکولوں جیسے معیاری تعلیمی مراکز کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے آبی ذخائر کو ملکی سالمیت کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں، جبکہ کراچی اور اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارکس کی تعمیر سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایک علاقائی و عالمی معاشی مرکز بنے گا۔وزیراعظم نے اسپیشل اکنامک زونز کو حکومت کے معاشی ویژن کا کلیدی جز قرار دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو تکمیل شدہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مواصلات، آئی ٹی، آبی ذخائر، بجلی، تعلیمی مراکز اور ہسپتالوں جیسے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ نئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔