وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور

12

لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کی سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ایم ڈی واسا غفران احمد اور مختلف ٹاؤنز کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایم ڈی واسا نے لاہور میں جاری منصوبوں پر تفصیلات پیش کیں، جبکہ ٹاؤنز اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری منصوبوں کی رپورٹس پیش کیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے ٹائم لائن کے مطابق اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بارشوں سے پیدا ہونے والے تعطل کو فوری دور کرنے اور کنٹریکٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے ترتیب دیے جائیں اور ٹف ٹائلز کے بجائے پی سی سی (Plain Cement Concrete) کو ترجیح دی جائے تاکہ پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ اگر کسی جگہ کوئی پیچیدگی ہو تو اسے فوری طور پر سٹئیرنگ کمیٹی کے نوٹس میں لایا جائے۔ انہوں نے واسا اور ایم سی ایل کی سکیموں کو مربوط انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی، اور ضرورت پڑنے پر لیبر کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ فیز ون کے دوران درپیش چیلنجز سے سبق حاصل کرتے ہوئے فیز ٹو کی بہتر تکمیل کو ممکن بنایا جائے گا، اور شفافیت کا ہر سطح پر خیال رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ اور سٹئیرنگ کمیٹی کی ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے کام کر رہے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوں۔