لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 131 واں اجلاس پیسک ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران گزشتہ بورڈ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے سال 2025-26 کے لیے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے 11.483 ارب روپے کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دے دی۔ مزید برآں، بورڈ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پیسک کی جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں گجرات، سیالکوٹ، چکوال، ڈسکہ اور سمبڑیال کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر نگرانی جاری آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیموں کی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ کارڈ سکیم کی ریکوری 95 فیصد جبکہ فنانس سکیم کی ریکوری 99 فیصد رہی ہے۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ یہ بلاسود قرضہ سکیمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہیں، اور ان سے بڑی تعداد میں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے اور پیسک کی مالی خودمختاری کے لیے مستقل سکیمیں لانے کی ہدایت دی۔ ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے کہا کہ ان بلاسود قرضوں کی سکیموں کے موثر نفاذ اور فعال نگرانی کے باعث مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہوا ہے، اور کارپوریشن مستقبل میں مزید قرضہ سکیمیں بھی متعارف کرائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت محمد عمر مسعود اور بورڈ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔











