لاہور، 19 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملک نور اعوان نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور ان کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پنجاب میں امن و امان کی بہتری اور اوورسیز پاکستانیوں میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی روشنی ڈالی۔ چوہدری نصیر احمد عباس اور ملک نور اعوان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں اور منصوبہ جات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہر علاقے کی یکساں ترقی اور عوامی فلاح کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “مثالی گاؤں” پراجیکٹ کے تحت دیہات کو شہروں جیسی معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اب تک پنجاب کے 12 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے جبکہ دسمبر 2025 تک 18 ہزار کلومیٹر سڑکیں مکمل ہو جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ “فیلڈ ہسپتال” اور “کلینک آن ویلز” پروگرام سے ایک کروڑ سے زائد مریض مستفید ہو چکے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا فخر ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرمایہ کاری کے مواقع بڑھا رہی ہے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کی محنت براہِ راست ملک کی خوشحالی میں شامل ہو سکے۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری نصیر احمد عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں عوامی خدمت کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔ جبکہ ملک نور اعوان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مختصر مدت میں کی گئی مثالی خدمت اور وژن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔











