ملتان،19 جولائی (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت نشتر روڈ پر ٹریفک رش اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشتر روڈ شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے جہاں ٹریفک کے شدید دباؤ کے باعث عوام کو روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک فلو کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور قابلِ عمل تجاویز فوری طور پر پیش کی جائیں اور اس مقصد کے لیے ایک جامع سروے کرایا جائے۔
عامر کریم خاں نے نشتر روڈ پر پارکنگ کے مسائل اور تجاوزات کو ٹریفک جام کی بڑی وجوہات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے اطراف میں موجود پرائیویٹ اسپتال اور کمرشل پلازے اپنی موجودہ پارکنگ کپیسٹی سے کم پارکنگ کررہے ہیں۔ جس کے باعث سڑک پر پارکنگ کی جاتی ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سروے مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ اسپتالوں کو اپنی پارکنگ خود فراہم کرنے کا پابند کیا جائے گا جبکہ انہیں قریبی متبادل پارکنگ کے حصول کا بھی پابند بنایا جائے گا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے میونسپل کارپوریشن کو نشتر روڈ پر قائم تجاوزات اور سڑک کنارے غیرقانونی ریڑھیوں کے خلاف فوری آپریشن کرنے اور قانونی کارروائی کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ ٹریفک پولیس کو غلط پارکنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کا حکم دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک رش کے باعث بعض اوقات ایمبولینسز بھی پھنس جاتی ہیں، جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہیں۔ اس صورت حال کے مستقل حل کے لیے ٹھوس، عملی اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس تک واضح پلان پیش کیا جائے تاکہ نشتر روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو ریلیف فراہم ہو۔











