نیو یارک، 21 جولائی (اے پی پی): نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت اور دیگر سفارتی سرگرمیوں کے لیے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان جولائی کے مہینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، اور اس دوران سینیٹر اسحاق ڈار سلامتی کونسل کے نمایاں اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیرِ خارجہ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا جا سکے۔سینیٹر اسحاق ڈار “دو ریاستی حل” سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
اس کانفرنس میں وزیرِ خارجہ فلسطین کے مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے مؤقف کی نمائندگی کریں گے۔نیویارک پہنچنے پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا۔











