کسان کو ہر فصل کا 25 فیصد منافع ملنا اس کا حق ہے،معیشت کا دارو مدار کاشتکار کی خوشحالی سے ہے،خالد محمود کھوکھر

36

ملتان ، 27 جولائی ( اے پی  پی )  کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالدمحمود کھوکھر نے کہا  ہے کہ کسان کو ہر فصل کا 25 فیصد منافع ملنا اس کا حق ہے،اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہو گی۔کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک میں خوشحالی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ کاشتکار کو اسکی محنت کا معاوضہ نہیں مل رہا ،گندم کے ریٹ سے کسان بہت مایوس ہے اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ برس گندم کی پیداوار میں بے حد کمی کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف فصلوں کی ایکسپورٹ میں کمی بھی اس کا ثبوت ہے۔اگر متعلقہ اداروں اور حکومت نے کسانوں کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کےلئے کوئی حکمت عملی نہ بنائی تو زراعت مزید زبوں حالی کا شکار ہو گی۔

خالد کھوکھر نے کہا کہ کاشتکار غربت کی وجہ سے اپنے بچوں کو مناسب تعلیم بھی نہیں دے پا رہے۔اگر گندم کا ریٹ 3550 روپے مقرر کیا جاتا تو آج کسان بھی خوشحال ہوتا اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا۔پریس کانفرنس میں مرکزی صدر نے مطالبہ کیا کہ کاشتکار کوسستی بجلی کے ساتھ  ساتھ انہیں  دیگر مراعات دی جائیں تاکہ پاکستان میں ہر طرف خوشحالی اور ہریالی ہو ۔

اس موقع پر کسان نمائندے ملک محسن رضا کھادل،چوہدری محمد اشفاق اور میاں محمد زاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔