لاہور،28جولائی 🙁 اے پی پی ) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں گندم کاشت سپورٹ پروگرام 2025۔26 بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے شرکت کی ۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امسال ربییع سیزن کے دوران 25ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو ڈی اے پی کی فی بوری پر 3ہزار روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ پروگرام کے تحت 25ایکڑ اراضی رکھنے والے کاشتکار ربییع سیزن کے لیے سستی ڈی اے پی خرید سکیں گے۔ زیادہ سے زیادہ سبسڈی کی حد 12ایکڑ تک کے اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو 3ہزار روپے ڈی اے پی فی بوری کی شرح سے مجموعی طور پر 36ہزار روپے دئیے جائیں گے،پروگرام یکم تا30 نومبر تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی اے پی فروخت کرنے والے رجسٹرڈ ڈیلرز کے لیے یہ ضروری ہو گا کہ وہ روزانہ کے حساب سے تمام فروخت ہونے والے کھاد کے تھیلوں کا ریکارڈ رکھے۔کسان کارڈ ہولڈرز کے علاوہ دوسرے کاشتکار بھی اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔ پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب کے 98فیصد کاشت کار مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے لیے 20ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ گندم کی کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے بروقت کاشت، مشینی و ڈرل کے ذریعے کاشت، تصدیق شدہ بیج کی دستیابی، کھادوں کا متناسب استعمال، آبپاشی اور جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے. اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز ایگریکلچر نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید،عبدالقیوم ، پراجیکٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر انجم علی ،سیڈ کارپوریشن اور پی آئی ٹی بی کے نمائندگان کے علاوہ محکمہ زراعت کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔











