پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن،پاک امریکہ تعلقات نئے دورمیں داخل ہونے جا رہے ہیں ، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی،ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب

23

لاہور۔29جولائی  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں،پاک امریکہ تعلقات نئے دورمیں داخل ہو رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی،ریلوے کی شاندار بحالی پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کی پذیرائی کریں گے،شکست خوردہ بھارت کو اقوام عالم میں ذلت آمیز رسوائی کا سامنا ہے،ملکی ترقی کیلئے ہمیں محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لاہور ریلوے اسٹیشن پرپاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب  سے   خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،ریلوے حکام و دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج مدتوں بعد مجھے ریلوے اسٹیشن لاہور  آ کر بہت مسرت ہوئی،یہاں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی،پاکستان ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے،پاک بزنس ٹرین میں صرف اشرافیہ کیلئے ہی نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے یورپی ریلوے کی طرز پر شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں،ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کر کے جدید ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا،مسافر لائونج ،استقبالیہ ڈیسک اور ٹرین میں یورپ کی طرز پر مسافروں کے لیے شاندار انتظامات پر  وزیر ریلوے کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی میں ریلوے کا کلیدی کردار ہے ،ریلوے  نظام کو ٹھیک کرنے   کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ حنیف عباسی نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور ریلوے کو دوبارہ پائوں کھڑ ا کر دیا،انہوں نے میرا مان بڑھایا ،ریلوے کی بہتری کے حوالے سے آج میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ابھی پہلا قدم ہے ابھی منزلیں بہت ہیں ،ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کی ٹرینیں چلائیں گے،اداروں کی بہتری اور ملکی ترقی کے لیے ہمیں دن رات کام کرنا ہے،محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے،دنیا کو دکھا دیں گے، اگر نیت نیک اور اردہ مصمم ہو تو مشکل سے مشکل ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے،شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی پذیرائی کریں گے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ریلوے کی بہتری کیلئے خدمات کا کریڈٹ خواجہ سعد رفیق کو بھی جانا چاہیے،پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے بھی ریلوے کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی،اراضی واگزار کرانے اور ریلوے اسٹیشنز کو بہتر کرنے کے حوالے سے انہوں نے مجھے متعدد بار بریفنگ دی۔قوم کو فتح مبین کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ 9 مئی کے معرکہ حق میں پاک فوج نے دلیری اور مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا،جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا،دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ہماری فضائی ،بری اور بحری افواج نے بہادری ، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے بہت ہی کم وقت میں اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،میں ایک ایک لمحے کا گواہ ہوں،پاکستان نے بھارت کو جنگ میں تاریخی شکست دی،یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار کہا کہ ہم نے جنگ رکوائی،امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے ایٹمی اثاثے قومی سلامتی کے ضامن ہیں،دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ملکی معاشی حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری فتح کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی ملی ہے،حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے ،افراط زر کی شرح میں5  فیصد کمی آئی ہے،معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں ۔ معاشی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،آنے والے دنوں میں معاشی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔چین پاکستان شاندار تعلقات کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، چین کے ساتھ سی پیک فیز2 کے لیے پوری طرح کوآرڈی نیشن ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ از سر نو تعلقات استوار کئے جا رہے ہیں ۔قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسافر لائونج،استقبالیہ سمیت لاہور ریلوے اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا۔بعد ازاں انہوں نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا اور ٹرین کوچز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر  نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پاک بزنس ٹرین لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی اور لاہور سے ساڑھے18 گھنٹے میں کراچی پہنچے گی۔