اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ اکنامک فورم کے مینیجنگ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر اور رکن سعدیہ زاہدی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا اور سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے سالانہ اجلاسوں کے ذریعے ڈبلیو ای ایف کی پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعدیہ زاہدی کو پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں ملک میں نمایاں معاشی بحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خاص طور پر اقتصادی ترقی، صنفی شمولیت، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹائزیشن کے شعبوں میں WEF کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید تقویت دینے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مینیجنگ ڈائریکٹر ورلڈ اکنامک فورم نے بھی اس امر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
سعدیہ زاہدی نے اپنے دورے کے دوران پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی مثبت معاشی رفتار کو اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔











