اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کوئٹہ میں زراعت میں خواتین کی قیادت و جدیدیت سے متعلق منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دل کوئٹہ اور بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اور یہاں کی ترقی، خوشحالی اور غربت کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلمدان سنبھالتے ہی یہ فیصلہ کیا کہ ہم صرف امداد نہیں دیں گے بلکہ مقامی افراد کو مچھلی پکڑنا سکھائیں گے تاکہ وہ خودکفیل بن سکیں۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے، اور یہاں کے عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔
انہوں نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ادارہ ملکی ترقی، عوامی خودمختاری اور غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ بلوچستان کے ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو بیت المال کے تحت اسکالرشپ دی جا رہی ہے، جبکہ کوئٹہ کی ایس بی کے یونیورسٹی کے لیے 200 اسکالرشپس کا بھی اعلان کیا جن پر فی اسکالرشپ سالانہ ایک لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد کوئٹہ کے لیے 100 سلائی مشینیں اور 100 وہیل چیئرز فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی خواتین اور خصوصی افراد کو روزگار اور سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں کئی قوتیں ہمیں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، مگر ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی، خدمتِ خلق اور بھائی چارے کے ذریعے پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنانا ہے۔











