لاہور، 30 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت داتا دربار میں حضرت علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس مبارک 2025 کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے عرس کی تقریبات اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کا تین روزہ سالانہ عرس 13، 14 اور 15 اگست کو منعقد ہوگا، جس کا باقاعدہ افتتاح 13 اگست کو ڈپٹی پرائم منسٹر سینیٹر محمد اسحاق ڈار کریں گے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ زائرین کو سیکیورٹی، صحت، صفائی، لنگر اور دیگر تمام سہولیات ہر ممکن طریقے سے فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عرس اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور روحانی ایونٹ ہے جس کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ عرس سے قبل داتا دربار شریف کا گرے اسٹرکچر مکمل کر لیا جائے گا تاکہ زائرین دربار کی چوکھٹ پر حاضری کی سعادت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کا تعمیراتی منصوبہ ایک تاریخی اور عہد ساز ترقیاتی منصوبہ ہے۔ اجلاس میں ڈی جی اوقاف، خطیب داتا دربار مسجد، متعلقہ اداروں اور محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عرس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور باہمی تعاون سے ایونٹ کے مؤثر انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔











