بیجنگ، 4 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اپنے دورۂ چین کے دوران چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی اور چین کی خلائی ایجنسی کے چیئرمین شان زونگڈے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرنے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) نے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں موجود بڑی رکاوٹوں کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، جس کی نمایاں مثالیں کے-2، کے-3 اور سی-5 نیوکلئر پاور پلانٹس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات نے ایٹمی توانائی کے استعمال کو ناگزیر بنا دیا ہے، جو محفوظ، ماحول دوست اور پائیدار توانائی کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے خلائی تحقیق میں پاکستان کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور وژن کے تحت پاکستان کے خلائی پروگرام کو نئی جہت ملی ہے۔ “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت خلائی سائنس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، حالیہ دنوں میں پاکستان نے چین کے تعاون سے تین سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیجے ہیں، اور 2026 میں پاکستان کا پہلا خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر بھیجے جانے کے لیے تیار ہے۔
احسن اقبال نے مزید بتایا کہ پاکستان کی خلائی تحقیقاتی ایجنسی کو 2035 تک چاند پر مشن بھیجنے کا ہدف سونپا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک میں اعلیٰ معیار کے انسانی وسائل دستیاب ہیں، جن سے چین بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کوانٹم کمپیوٹنگ سینٹر کے قیام، سائنس و ٹیکنالوجی کو قومی ترقی سے جوڑنے کے پروگرام، اور نوجوان پاکستانی سائنسدانوں کے لیے چینی تبادلہ پروگرام کے تحت تعلیمی مواقعوں میں اضافے پر بھی روشنی ڈالی۔
چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے چیئرمین شان زونگڈے نے سی پیک کے حوالے سے احسن اقبال کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط جغرافیائی اسٹریٹجک بنیادوں پر قائم ہیں، جو اب معاشی اور تکنیکی تعاون میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان سے خلائی تحقیق کے میدان میں بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان محفوظ ایٹمی توانائی کے استعمال کے عزم کو دہرایا۔











