لاہور، 6 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت چھ ماہ میں اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ اس انقلابی منصوبے کے پہلے مرحلے میں پچاس ہزار سے زائد بلا سود قرضے جاری کیے گئے، جن سے پنجاب بھر کے ہزاروں خاندانوں نے اپنا ذاتی گھر بنانے کا خواب پورا کیا۔ ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے شرکت کی جہاں پورے پنجاب سے قرض حاصل کرنے والے خاندان شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مختلف علاقوں سے آئے گھر بنانے والے افراد، خواتین اور بچوں سے ملاقاتیں کیں، ہاتھ ملایا، بچوں کو پیار کیا اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔ اس موقع پر کئی جذباتی لمحات دیکھنے کو ملے۔ راولپنڈی کے غفور مسیح اپنی داستان سناتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ “نواز شریف اور مریم نواز شریف کا شکریہ، گھر کا خواب سچ ہو گیا”۔
ایک رکشہ ڈرائیور نے وزیر اعلیٰ کو دعائیں دیتے ہوئے کہا، “اللہ تعالیٰ نے آپ کو وسیلہ بنا دیا”۔ سپیشل پرسن سید وحید کے تاثرات سن کر وزیر اعلیٰ مریم نواز اپنی نشست سے اٹھ کر ان سے خود ملنے گئیں۔ملتان کی ایک خاتون نے بتایا کہ “قرض کے لیے درخواست دی، امید نہیں تھی، جب پہلی قسط ملی تو خوشی کی انتہا نہ رہی”۔ لبنیٰ شریف اور روبینہ عاشق سمیت کئی خواتین نے پروگرام سے حاصل ہونے والے فائدے اور اپنے تجربات تقریب میں بیان کیے۔ پروگرام کی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 74 ارب روپے سے زائد کے بلا سود قرضے جاری کیے گئے۔ پانچ سے دس مرلہ گھروں کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی۔ قرضوں کی ریکوری 99.9 فیصد کے ساتھ کامیابی سے جاری ہے۔ 37 ہزار خاندان دونوں اقساط وصول کر چکے ہیں،52 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے ایک خاتون کی خواہش پر سیلفی بھی بنوائی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا: “اپنی چھت، اپنا گھر” عوام کے خوابوں کی تعبیر ہے، ہم روز خوشیوں کی خبریں عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔











