چہلم امام حسینؑ کے سلسلے میں علماء کرام سے مشاورت، امن و امان یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

16

لاہور، 7 اگست (اے پی پی): چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر امن و امان کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس محکمہ داخلہ پنجاب میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے وفود سے ملاقات کی۔  ملاقات میں الجامعتہ الاشرفیہ، شیعہ علماء کونسل پاکستان، اور مرکزی عزاداری اتحاد کونسل پاکستان کے نمائندہ علماء کرام شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور چہلم کے دوران قیامِ امن کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علماء کرام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور چہلم کے موقع پر بھی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پنجاب میں امن کے قیام کے لیے یکجا اور متحد ہیں۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران پولیس، ریسکیو، اوقاف، بلدیات، واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے سب کو اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ علماء کرام پنجاب میں قیام امن کے سفر کا بنیادی ستون ہیں اور محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماء کا سو فیصد تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ علماء کرام نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی امن عامہ سے متعلق کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ تمام مکاتب فکر باہمی اتحاد اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے اور ملک کی سلامتی کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔