لاہور، 7 اگست (اے پی پی): خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پری سروس کورس ریونیو آفیسرز کے 24 رکنی وفد نے ایل ڈی اے ہیڈ آفس جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا۔ وفد میں دونوں علاقوں کے مختلف تحصیلدار شامل تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (یو پی) مدثر احمد شاہ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی ورکنگ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو ماسٹر پلاننگ، اربن پلاننگ، ٹاؤن پلاننگ، ریونیو جنریشن اور سسٹین ایبل ماڈل ڈویلپمنٹ سے متعلقہ اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کو ایک “لیوایبل سٹی” بنانے کے لیے جدید اور پائیدار ترقیاتی ماڈل اپنایا جا رہا ہے۔ گلبرگ، ٹولنٹن مارکیٹ، جی ون مارکیٹ اور سبزہ زار جیسے علاقوں میں خصوصی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ایل ڈی اے کو پیپر لیس ادارہ بنانے کے لیے ریکارڈ سفٹنگ کا عمل جاری ہے۔ چیف آفیسر آئی ٹی عبدالباسط نے ڈیجیٹل میپنگ، آن لائن نقشہ جات، اور ڈیجیٹل نوٹسز کے اجراء کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد نے بعدازاں ایل ڈی اے سٹیزن فیسلیٹیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور فیسلیٹیشن سنٹر کی ورکنگ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیف میٹروپولیٹن پلاننگ، چیف آئی ٹی، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر کنسٹرکشن اینڈ انفورسمنٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ دورے کے اختتام پر وفد کے شرکاء کو ایل ڈی اے کی جانب سے سووینیئر پیش کیے گئے۔











