لاہور, 9 اگست (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں کمرشل علاقوں میں “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کی دوسری شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مصروف مراکز میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے اضافی اقدامات ناگزیر ہیں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ تجرباتی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب “ستھرا پنجاب” کو ایک مستقل نظام میں بدلا جائے گا۔ انہوں نے سی ای اوز کو ہر گاؤں میں ویسٹ انکلوژر بنانے اور دیہی یونین کونسلز و شہروں میں فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ مزید برآں، وزیر بلدیات نے صفائی میں غفلت اور گندگی پھیلانے پر جرمانے کا میکانزم بنانے، ہر گاؤں کے داخلی راستے پر کنٹریکٹر کی تفصیل اور ہیلپ لائن والا بورڈ نصب کرنے، اور آگاہی مہم کو دیہات تک وسعت دینے کا اعلان کیا۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے سی ای اوز سے اضافی افرادی قوت اور مشینری کی ڈیمانڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ کے ڈیجیٹل نظام سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور عملے کی حاضری و اہداف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔











