شہر کی تعمیر و ترقی ،  سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، چیئرمین سی ڈی اے

18

اسلام آباد، 9 اگست ( اے پی پی):  چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے  کہ  اسلام آباد شہر کی تعمیر و ترقی اور بیوٹیفکیشن کے ساتھ شہریوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے- اسلام آباد کو ایک جدید اور خوبصورت دارالحکومت بنانے کے لیے  تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا-

اجلاس میں سی ڈی اے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور بروقت مکمل کرنے  کے علاوہ سی ڈی اے کی فائر، ریسکیو ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر سروسز کو مزید بہتر اور مو ثر  بنانے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں مختلف جگہوں پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے  کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے مختلف پراجیکٹس جن میں شاہین چوک انڈر پاس، کشمیر چوک، ٹی چوک انڈر پاس، فیض آباد انٹرچینج کی توسیع، پاک سیکریٹریٹ کی اپ لفٹنگ، اسلام آباد میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سی ڈی اے ماڈل نرسری کو گارڈینا حب بنانے میں تبدیل کرنے، اسلام آباد میں 25 کرکٹ گراؤنڈز اور 25 فٹ بال گراؤنڈز کے لیے جگہ مختص کرنے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی بہتری، اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر  مینجمنٹ کو مزید فعال اور موثر بنانے، گندھارا سٹیزن سینٹر کو فعال کرنے، اسلام آباد میں مزید پولیس اسٹیشن قائم کرنے، پولیس اکیڈمی اور ہسپتال کی اپ لفٹنگ نیز سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر جیسے اہم منصوبوں کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ ہدایت کی گئی کہ تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو  بروقت مکمل کیا جائے۔

 محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہر بھر میں شاہراہوں کی نہ صرف اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے بلکہ ٹریفک کے مسائل کو مستقل حل کرنے کیلئے مختلف مقامات پر انڈر پاسز کی تعمیر کا آغاز جلد کرنے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ   سی ڈی اے اسلام آباد کے تمام پارکس کی اپ لفٹنگ  اور لائٹنگ کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کی بہتری کیلئے فعال اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں فٹبال گراؤنڈ، کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی ،پیڈل کورٹس کا قیام اور پیڈسٹرین برجیز کی اپ لفٹنگ شامل ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کی اپ گریڈیشن، نئی لائٹس کی تنصیب، لینڈ سکیپنگ، ہارٹیکلچر ورک، اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے نیشنل پارک پر آگ کی روک تھام کے لئے فائر پوسٹس کے قیام کی بھی ہدایت کی تاکہ آگ پر جلداز جلد قابو پانے میں مدد مل سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے  ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کا خصوصی خیال رکھا جائے کیونکہ تمام ترقیاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور کوالٹی پر کسی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔