لودھراں، 11 اگست 2025 (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کی زیر صدارت اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے تقریب ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے بطور مہمانِ خصوصی کیک کاٹا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی، ممبر اقلیتی کمیٹی جیکب آفتاب، اقلیتی برادری کے نمائندگان اور کمیونٹی کے بچے و دیگر افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔ تقریب میں شریک اقلیتی ممبران نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لودھراں ہر تہوار اور ہر ایونٹ پر اقلیتی برادری کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر سال قومی دن اور دیگر تہواروں پر منعقدہ خصوصی تقریبات میں اقلیتی برادری کو مدعو کیا جاتا ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے حکومتِ پنجاب عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر اقلیتی برادری کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت دستیاب ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ لودھراں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی حمایت اور سپورٹ سے اقلیتی برادری خود کو معاشرے کا اہم اور محفوظ حصہ سمجھتی ہے۔











