ملتان ، 11 اگست (اے پی پی):مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں پاکستان کا منفرد نواں سالانہ آزادی مارچ میلاد چوک شاہ رکن عالم کالونی سے شروع ہو کر گلستان مارکیٹ پر اختتام پذیر ہوا۔
مارچ کو “جشنِ بنیان مرصوص” کے نام سے منسوب کیا گیا، جس میں مختلف مسالک کے علماء، مشائخ، سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجروں اور معصوم بچوں سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے جناح کیپ پہن کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، قومی پرچم لہرائے گئے اور ملی نغموں سے جوش و جذبہ بڑھایا گیا۔
مارچ کے روٹ کو بینرز اور پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا، تاجروں کی جانب سے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ، سبیلیں اور گل پاشی کا اہتمام کیا گیا۔قائدین نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے، پاکستان ہماری پہچان، کشمیر ہماری جان ہے۔افواج پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کو ناکام بنایا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔دفاعِ وطن، کشمیر و فلسطین کی آزادی ایمان کا تقاضہ ہے۔پاکستان کی بنیادوں میں میلاد منانے والوں کا لہو شامل ہے اور مادرِ وطن سے محبت کا جذبہ اگلی نسلوں کو منتقل کرنا قومی ذمہ داری ہے۔
مارچ کے اختتام پر استحکام پاکستان اور شہدائے آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔











