اسلام آباد: یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” کی تاریخی فتح کی مناسبت سے گرینڈ تقریب آج منعقد ہوگی‎

15

‎اسلام آباد ، 13 اگست ( اے پی پی):   یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا شاندار آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں گرینڈ تقریب آج رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی۔

‎تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ پاکستان ہوں گے، جب کہ وزیراعظم پاکستان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام اور دیگر اہم قومی و غیر ملکی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔

‎ تقریب میں خصوصی ملی و ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے، جن میں ملک کے مختلف حصوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تینوں مسلح افواج کی شاندار پریڈ اور پاک فضائیہ کا فضائی مظاہرہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

‎ تقریب کے دوران “معرکۂ حق” میں فتح کی یاد میں وزیراعظم پاکستان “معرکۂ حق مونومنٹ” کی باقاعدہ رونمائی بھی کریں گے، جو اس عظیم کامیابی کی یادگار کے طور پر ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہے گا۔

‎اس خصوصی تقریب کا ایک اور نمایاں پہلو آرمی اسکول آف میوزک کی جانب سے پیش کی جانے والی خصوصی بینڈ پرفارمنس ہو گی، جو وطن سے محبت کے جذبات کو ایک نئے رنگ میں پیش کرے گی۔